عدلیہ نواز شریف کو ریلیف دے حکومت عمل کرے گی، فردوس عاشق اعوان

عدلیہ نواز شریف کو ریلیف دے حکومت عمل کرے گی، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے، ہماری کوئی مجبوری نہیں، عدلیہ ریلیف دے حکومت من وعن عمل کرے گی۔


تفصیلات کے مطابق ، قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے  کہا  کہ مسلم لیگ ن کا رویہ افسوسناک ہے۔ مریض کے علاج کی بہترین جگہ ہسپتال ہے۔ اغوا کرنے والےمریض کو گھر میں لے کر جاتے ہیں۔ شریف خاندان نے نواز شریف کو جاتی امرا میں اغوا کر رکھا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف نے گمراہ کن پروپیگنڈا کیا۔ نواز شریف گولڈ میڈل یا ٹرافی جیت کر جیل نہیں گئے تھے۔ حکومت نے نہیں بلکہ عدالتوں نے نواز شریف کو مجرم قرار دیا تھا،شہباز شریف دو بیانیوں سے قوم کو بیوقوف نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا  کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو ریلیف دیا۔ شہباز شریف جس کو تاوان کہہ رہے ہیں، وہ سہولت کاری ہے۔ دمڑی جائے چمڑی نہ جائے، جاتی امرا کا محل گروی رکھنے کے لیے تیار نہیں، عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہیں، جن کیلئے سب کچھ کیا وہ بچے بانڈ دینے کو تیار نہیں ہیں۔