وزیر تعلیم مراد راس نے موسم سرما کی تعطیلات کی مخالفت کردی 

Education Minister Murad Ross opposes winter holidays
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور : صوبائی وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے عالمی وبا کے باعث موسم سرما کی چھٹیوں کی مخالفت کردی ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرتعلیم پنجاب  مراد راس نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پنجاب بھر میں سکول ایسی جگہیں ہیں جہاں سب سے زیادہ ایس او پیز کے اصولوں پر عمل کیا جارہاہے ۔ انہوں نے پنجاب کے سکولوں میں کورونا کے کیسز کے حوالے سے میڈٰیا کو بتایا کہ اب تک پنجاب بھر میں 117 سکولوں میں کورونا کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے  16 سکولوں کو سیل کردیا گیا ہے ۔ 

صوبائی وزیرتعلیم پنجاب کا کہناتھاکہ ابھی تک پنجاب بھر میں سکولوں کو بند کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ 

انہوں نے موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے کہا کہ میری سمجھ کے مطابق موسم سرما کی چھٹیاں نہیں ہونی چاہیئں ۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وبا کی دوسری لہر نے پنجے گاڑنا شروع کردیے ہیں ، دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس میں تیزی کی وجہ سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی )  نے تھیڑ، سنیما ہال ، درباروں ، مزارات کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔ 

جبکہ  ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت موسم سرما کی چھیٹیاں ، عوامی اجتماعات پر پابندی ، اور مارکیٹوں کو جلد بند کرنے پر بھی غور جاری ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او سی کے گزشتہ دنوں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر کی صدارت میں ملک اور خاص طور پر تعلیمی اداروں میں عالمی وبا کے کیسز سے متعلق اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں شریک اہم شخصیات کو کورونا وائرس کے ایس او پیز پر بریفنگ بھی دی گئی ۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او سی کے اس اہم ترین اجلاس میں تعلیمی اداروں میں قبل از وقت چھٹیاں دینے اور ساتھ ہی ان چھٹیوں کو دورانیہ بڑھانے کی تجاویز بھی دی گئیں ۔ اجلاس میں تمام عوامی اجتماعات ، مارکیٹوں اور دیگر جگہوں پر پابندی کی سفارش بھی کی گئی تھی ۔ جبکہ ہنگامی اقدامات کے تحت سینماہالز ، تھیٹرز کو فوری بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او سی نے شادی کی تقریبات سے متعلق نظر ثانی شدہ گائیڈ لائنز بھی جاری کردی ہیں ۔ جن کے تحت شادی کی آؤٹ ڈور تقریبات میں پانچ سو افراد تک شامل ہوسکتے ہیں۔ تاہم شادی کی تقریبات کے لیے دوپہر ایک تین بجے تک اوررات کو چھ سے نوبجے تک شادی کی تقریب منعقد کی جاسکتی ہے ۔