احتساب عدالت کے باہر پولیس پر تشدد کرنے والے وکلا کے خلاف مقدمہ درج

احتساب عدالت کے باہر پولیس پر تشدد کرنے والے وکلا کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد: احتساب عدالت کے باہر پولیس افسرپرتشددکرنے والے وکلاکے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔اسلام آبادکے تھانہ رمنامیں درج ایف آئی آرمیں کارسرکار میں مداخلت اور زدو کوب کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔

انسپکٹرشکیل احمدنے  پولیس کو دیئے گئے بیان   میں کہا ہے کہ مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈصفدرکی پیشی کے دوران کچھ وکلانے زبردستی عدالت جانے کی کوشش کی جب اس نے شناخت  کروانے کا کہا تو وکلا نے دھکے دیے اور الجھ پڑے۔ایک وکیل نے اسے تھپڑ بھی مارا اور زبردستی اندرداخل ہوگیا۔پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث وکلاکے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ کل احتساب عدالت کے جج نے کمرہ عدالت میں وکلا کی ہلڑ بازی کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم کی کارروائی 19 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنسز کی سماعت کے لئے کمرہ عدالت میں آئے تو اس موقع پر وکلا نے شور شرابا شروع کر دیا۔ کمرہ عدالت میں بدنظمی کے باعث معزز جج محمد بشیر اٹھ کر چلے گئے اور تینوں ملزمان نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی اور سماعت 19 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔