امریکا انسان دوست کم بلکہ دشمن زیادہ ہے، سعد رفیق

امریکا انسان دوست کم بلکہ دشمن زیادہ ہے، سعد رفیق

لاہور: ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے پاکستان، افغانستان اور عراق سمیت کئی ممالک میں گندگی پھیلائی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امریکا کو واضح پیغام دینا چاہیے کہ پاکستان امریکی حکومتوں کی جانب سے پھیلائی گئی اس گندگی کو صاف کر رہا ہے۔ امریکی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ امریکا انسان دوست کم بلکہ انسان دشمن زیادہ ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ خرابی پیدا کرتا ہے اور اس کے بعد عالمی برادری پر حکم چلاتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اب امریکا کی جانب سے مزید ڈو مور کا مطالبہ نہیں سُنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اور معصوم لوگ امریکا کی دنیا پر قبضے کرنے کی پالیسی کی وجہ سے خطے میں ہونے والی گند کی بھینٹ چڑھ گئے۔ چین اور امریکا کے درمیان فرق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ان دونوں ممالک کی پالیسی میں واضح فرق ہے کیونکہ چین، پاکستان کے داخلی معاملات اور خارجہ پالیسی میں دخل اندازی نہیں کرتے بلکہ پاکستان کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں اور مدد کرتے ہیں لیکن امریکی دو سکے دے کر پاکستان سے ہاتھ اور پاؤں کے انگوٹھے لگوانا چاہتے ہیں۔

پاک چین اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے واضح کیا کہ ایک مرتبہ سی پیک پاکستان آ جائے تو چین کے ساتھ پاکستان کی بڑھتی ہوئی قربت کی وجہ سے مغربی دنیا کو تکلیف ہو گی۔ کسی ملک کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں وہ لوگ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ’آپریٹرز‘ ڈھونڈیں گے تاکہ پاکستان مغرب کا دستِ نگر رہے اور اپنے پیروں پر کھڑا نہ ہو سکے۔

امریکی سیکریٹری دفاع کی جانب سے سی پیک کے حوالے سے متنازع بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ امریکی اپنے فتوے اپنے پاس رکھیں۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہے جبکہ اسے امریکی فتوؤں کی ضرورت نہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں الزام لگایا کہ عمران خان، شیخ رشید اور بعض دیگر عناصر افواج اور عدلیہ کے خود ساختہ ترجمان بن کر اداروں کو لڑانے کی مذموم سازش کر رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن اور نوازشریف کا اصل جُرم پاکستان دشمنوں کی کٹھ پتلی بننے کی بجائے اُن کے سامنے ڈٹ جانا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا عمران اور شیخ رشید جیسے لوگ پاکستان اور جمہوریت دشمنوں کی کٹھ پتلیاں ہیں اور ہم پر مسلسل کیچڑ اچھالنے کا مقصد جمہوریت گرا کر ملک کمزور کرنا ہے۔ مسلم لیگ ن کسی سے ٹکراؤ نہیں چاہتی سب اپنے اپنے آئینی دائرے میں کام کریں تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ آئین میں وزیراعظم ،کابینہ، پارلیمنٹ، عدلیہ اور افواج کے کردار اور دائرہ کار کا تعین ہو چکا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا تحریک انصاف حصول اقتدار کی خواہش میں اندھی ہو کر جمہوری نظام کے خلاف ہی نبرد آزما ہے اور پیپلز پارٹی ہماری مخالفت میں جمہوریت کی سوکن بن رھی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے گزشتہ روز احتساب عدالت کے باھر ہونے والا جھگڑا مقامی پولیس اور وکلا کے درمیان ہوا تاہم اس کا ملبہ مسلم لیگ پر نہ ڈالا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں