اگر مزدور خوشحال ہوں گے تو ہی پاکستان خوشحال ہو گا، راجہ ظفر الحق

 اگر مزدور خوشحال ہوں گے تو ہی پاکستان خوشحال ہو گا، راجہ ظفر الحق

راولپنڈی :  چیئرمین مسلم لیگ (ن) اور سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ کسی بھی فیکٹری کی طاقت مزدور ہیں اگر مزدور خوشحال ہوں گے تو فیکٹری بھی خوشحال ہو گی مزدور اور فیکٹری دونوں کا مستقبل مشترکہ ہے آج ورکروں کے چہرے پر رونق نظر آرہی ہے اللہ پاک ان کے کاروبار میں مزید ترقیاں عطا فرمائے.

ان خیالات کااظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی  بگ ایپل نیو پٹ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عوام صحت کے معاملے میں بہت محتاط ہیں یہاں کوالٹی کو مد نظر رکھ کر شہریوں کے لیے سافٹ ڈرنک تیار کیا جارہا ہے جاپان ودیگر ممالک کی ترقی کی بڑی وجہ مزدوروں کی طاقت ہے. 

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو مری بروری گروپ اسفند یار بھنڈارا نے کہا کہ ہماری طاقت فیکٹری کے مزدور ہیں مری بروری میں پرانی مشینری کی جگہ نئی مشینری لگا کر دو پلانٹ لگائے گئے ہیں اور تیسرا پلانٹ پر کام جاری ہے دو نئے پلانٹ لگنے سے کم از کم دو سو سے زائد مزدوروں کوروزگار کے مواقع ملیں گے اور دو سو خاندان اس سے مستفید ہوں گے .

انہوں نے کہا کہ یہاں کوالٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاتا اور انٹرنیشنل معیار کے مطابق تمام پروڈکٹس کوتیارکیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ پورے پاکستان سمیت بیرون ممالک میں بھی ہماری پروڈکٹس کی مانگ ہے .اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر مری بروری چوہدری محمد جاوید نے کہا کہ راجہ ظفر الحق کا شمار ملک کے ایماندار ترین سیاست دانوں میں کیا جاتا ہے .راجہ ظفر الحق نے یہاں پلانٹس کا افتتاح کر کے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری نذر شاہ نے کہا کہ مینجمنٹ اور یونین گاڑی کے دو پہیے ہیں دونوں کو مل کر چلیں گے تو انشاء اللہ فیکٹری ترقی کرے گی اور مزدور خوشحال ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملازمین کی تنخواہ میں ایک ہزار روپے اضافہ کیا لیکن سی ای او مری بروری اسفن یار بھنڈارا نے مزدوروں کی تنخواہ میں سولہ ہزار روپے اضافہ کیا ہے جو دوسری فیکٹریوں کے لیے ایک مثال ہے ۔