پرویز مشرف سے متعلق سوال پر شعیب ملک نے صحافی کو جھاڑ دیا

پرویز مشرف سے متعلق سوال پر شعیب ملک نے صحافی کو جھاڑ دیا

دبئی : مایہ ناز قومی کرکٹر شعیب ملک سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق صحافی کے سوال پر غصے میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر نے دبئی اسٹیڈیم میں بیٹھ کرمیچ دیکھا اور بعد ازاں ایک انٹرویو میں انہوں نے بابر اعظم ،رومان رئیس اور حسن علی کی کارکردگی پر ان کی تعریف کی تاہم انہوں نے کپتان سمیت کسی سینئر پلیئر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
بعدازاں پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے شعیب ملک سے سوال پوچھا کہ پرویز مشرف نے آپ کی تعریف کیوں نہیں کی حالانکہ آپ نے میچ وننگ اننگز کھیلی جس کے جواب میں شعیب ملک نے سخت لہجہ اپنایا اور غصیلے انداز میں کہا کہ ’اس کا جواب پرویز مشرف دیں گے، جائیں اور سابق صدر سے اس کا جواب لیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ نوجوان کھلاڑیوں کی ستائش ہونی چاہیے جب کہ سینئرکھلاڑیوں کو کسی کی تعریف کی ضرورت نہیں، میرا خیال ہے کہ پرویز مشرف نے نوجوان کھلاڑیوں کو پذیرائی دے کراچھا کیا جس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی جو کہ ٹیم کے لیے اچھا ہے۔انہوں نے کہا کہ تجربہ کار کرکٹرز ترقی کے اس مقام پر پہنچ چکے ہوتے ہیں جہاں انہیں تعریف ملنے یا نہ ملنے پرکوئی فرق نہیں پڑتا۔
واضح رہے کہ شعیب ملک نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 61 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا ۔