افغانستان سے امریکہ نے فوج نکالنے پر رضامندی ظاہر کردی،طالبان کا دعویٰ

افغانستان سے امریکہ نے فوج نکالنے پر رضامندی ظاہر کردی،طالبان کا دعویٰ
کیپشن: Image by Hürriyet Daily News

دوحہ:افغان طالبان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکہ نے افغانستان سے فوج کے انخلاءپر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ  نے افغانستان سے فوج کے انخلا پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان رہنماؤں کے درمیا جمعے کو ہونے والی ملاقات کے دوران افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی گئی۔


نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر طالبان حکام نے الجزیرہ کو بتایا کہ امریکہ کے 6 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران امریکی فوج کی افغانستان سے واپسی سمیت تمام مسائل کے حل پر اتفاق کیا گیا۔


طالبان حکام کا کہنا ہے کہ امریکی وفد سے تفصیلی نہیں بلکہ عمومی بات چیت ہوئی اور مستقبل قریب میں مزید بات چیت کا امکان ہے۔


قیام امن کے لیے طالبان کی جانب سے غیرملکی افواج کے انخلا سمیت رہنماؤں پر عالمی پابندی کا خاتمہ، گرفتار ساتھیوں کی رہائی اور سیاسی دفتر کا قیام شرائط میں شامل ہے۔


خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی حکمت عملی کے تحت گزشتہ سال افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کردیا تھا اور اطلاعات ہیں کہ افغانستان میں صرف امریکی فوجیوں کی تعداد 14 ہزار ہے۔


طالبان کی جانب سے اس سے قبل کئی بار کہا جاچکا ہے کہ غیرملکی افواج کی افغانستان میں موجودگی امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔