سابق وزیراعظم نواز شریف کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا گیا

 سابق وزیراعظم نواز شریف کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا گیا

لاہور:سابق وزیراعظم نواز شریف ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے پولنگ سٹیشن پہنچے لیکن پھر بھی ووٹ کاسٹ نہ کر سکے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ضمنی انتخاب میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ کے مقررہ وقت ختم ہونے سے کچھ منٹ قبل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ پولنگ سٹیشن پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے نعروں سے اپنے قائد کا استقبال کیا،گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے میاں نوازشریف نے کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کا جواب دیا۔

سابق وزیراعظم  نواز شریف اپنی والدہ، صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کے ہمراہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 میں ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تھے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرتے ہوئے نواز شریف کی آمد پر پولنگ سٹیشن کے دروازے بند کر دئیے گئے اور عام ووٹروں کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا۔تاہم سابق وزیراعظم کے پاس شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی غیر موجودگی کی وجہ سے انھیں ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا گیا۔نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ اس وقت قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہے۔

واضح رہے کہ اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان مدمقابل ہیں، این اے 124 میں عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف کامیاب ہوئے تھے،ان کے نشست چھوڑنے کی وجہ سے اس حلقے میں ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔