سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کےاہم ملک ہیں, فردوس عاشق اعوان

سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کےاہم ملک ہیں, فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کےاہم ملک ہیں ،  پاکستان کے دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحاد کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے، صدر حسن روحانی کا خطے میں امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا خیر مقدم باہمی قربت کا مظہر ہے۔

 

انہوں  نے کہا کہ وزیر اعظم نے  ایرانی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ سنگین صورتحال سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

 

معاون خصوصی نے کہا کہ  پاکستان برادر ممالک کے مابین اخوت و مصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی، قیادت کی سطح پر یہ احساس اسلامی دنیا کے لئے نیک فال اور عوامی جذبوں کی عکاسی ہے۔