صوبہ پنجاب میں طلبا کو صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

صوبہ پنجاب میں طلبا کو صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے وزارت صحت کے تعاون سے طلبا کو صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے تحت طالب علموں کو صحت کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔


تفصیلات کے مطابق پنجاب سکول ایجوکیشن نے صوبائی وزارت صحت کے تعاون سے طلبا کو صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صحت کارڈ بننے کے بعد طلبا لاہور کے 25 ہسپتالوں سے مفت علاج کراسکیں گے۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے طلبا کے صحت کارڈ بنانے سے اسکول سربراہان کو مراسلہ جاری کردیا۔


صحت کارڈ بنانے کے لیے تمام طلبا کو اپنے والدین کے آئی کارڈ کی کاپیز جمع کرانا ہوگی۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں صحت کارڈ بنانے کے حوالے سے اسکولوں کا وزٹ کریں گی۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین نے کہا تھا کہ 10لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کوصحت انصاف کارڈ دیا جائے گا، صحت انصاف کارڈ کے حامل خاندانوں کو ہسپتالوں میں بہترین علاج کی سہولت دستیاب ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صحت انصاف کارڈ کی صوبہ بھر میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ بیواؤں، زکوۃ حاصل کرنے والے افراد اور سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے خاندانوں کو بھی صحت انصاف کارڈ کی سہولت دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔