نواز شریف کو جو کرنا ہے کر لیں لیکن سیاست میں کوئی جگہ نہیں، شیخ رشید

نواز شریف کو جو کرنا ہے کر لیں لیکن سیاست میں کوئی جگہ نہیں، شیخ رشید
کیپشن: پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا عالمی ایجنڈا ہے، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جوڈو کراٹے نہیں چاہتے بلکہ وہ معاملے کو سلجھانا چاہتے ہیں جبکہ میرا دل کہتا ہے کہ بلاول بھٹو عقل مندی کا مظاہرہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی ملک کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہے اور نواز شریف کو جو کرنا ہے کر لیں اب ان کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 31 دسمبر سے پہلے جھاڑو پھر جائے گا اور 20 فروری تک صورتحال نارمل ہو جائے گی۔ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا عالمی ایجنڈا ہے جبکہ 126 روز کے دھرنے سے ہم حکومت نہیں گرا سکے تھے۔

شیخ رشید نے کہا اس وقت اپوزیشن کا نشانہ فوج، عدلیہ اور نیب ہے اگر عدلیہ ان کے حق میں فیصلہ کرے تو ٹھیک ہے۔ نواز شریف خود لندن میں ہیں اور لوگوں کو باہر نکلنے کا کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو حکومت کی جانب سے جلسے کی اجازت دینا اچھا فیصلہ ہے۔ جلسے،جلوسوں سے حکومتیں نہیں گرا کرتیں اور اگر کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے تو نہیں کرنا چاہیے۔ 

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں اور تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا اور پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انشاءاللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔ تحریک چل پڑی ہے اب منزل پر جاکر رکے گی اور اسے اسے آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے۔