مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے، وزیراعظم

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے، وزیراعظم
کیپشن: اسلاموفوبیا کے خلاف احترامِ باہمی کی حمایت میں بھی ہمارا مؤقف غیر متزلزل ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بلا خوف بےنقاب کرتا رہےگا۔ وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے لیے پاکستان کے مزید 3 برس کے لیے انتخاب پر نہایت شاد ہوں۔

عمران خان نے لکھا کہ اس بڑی سفارتی کامیابی پر میں دفترِ خارجہ اور بیرونِ ملک موجود پاکستان کے سفارتی مشنز کے کردار کو سراہتا ہوں جن کی کاوشوں سے عالمی افق پر پاکستان کی حیثیت اور ساکھ میں اضافہ ہوا۔

c383616a793a04b5c87cc1217ad07ae9

انہوں نے لکھا کہ برداشت کے فروغ اور تعمیری سرگرمیوں کو اپنی ترجیحات کا حصہ بناتے ہوئے ہم سب کے لیے انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف احترامِ باہمی کی حمایت میں بھی ہمارا مؤقف غیر متزلزل ہے۔ پاکستان اتفاقِ رائے کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھےگا اور یقینی بنائے گا کہ کونسل کے کام کی بنیاد عالمگیریت، غیرجانبداریت، گفت و شنید اور تعاون کے اصولوں پر استوار ہو۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بلاخوفِ احتساب خلاف ورزیاں بھی بےنقاب کرتا رہے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان آئندہ تین برسوں کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہو گیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 193 ممالک میں سے 169 ووٹ حاصل کیے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے انڈین صحافی کرن تھاپر کو تفصیلی انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انڈیا نے کشمیر پر پاکستان کو مذاکرات کا پیغام بھیجا ہے تاہم انھوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

اپنے انٹرویو میں معید یوسف کا کہنا تھا کہ 'ہمیں بڑوں کی طرح بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، کشمیر اور دہشت گردی دو مسئلے ہیں اور میں دونوں کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں'۔ ان کے مطابق پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔