پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان،عوام کیلئے خوشخبری

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان،عوام کیلئے خوشخبری

اسلام آباد: سولہ اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا نے اس سلسلے میں پٹرولیم ڈویژن کو سمری ارسال کر دی ہے۔

 ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی کم کر کے قیمتیں کم کیے جانے کا امکان ہے ۔ حکومت پاکستان فی لیٹر ڈیزل پر 30روپے پٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے،پٹرول پرفی لیٹر 27روپے32پیسے لیوی عائدہے، ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل پر فی لیٹر 11روپے 43پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی گئی ہے۔ 

خیال رہے کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کا اطلاق پندرہ اکتوبر تک کے لیے ہوگا۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری میں قیمتوں میں کمی کی سفارش کی گئی تھی۔ حکومت نے اس سے پہلے ماہ اگست کی پٹرولیم قیمتیں ہی ستمبر میں بھی برقرار رکھی تھیں۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 40 پیسہ کمی سے 104.06 روپے لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ پٹرول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ پٹرول 103.97 روپے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار ہے۔

مٹی کا تیل 65.29 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل بھی 62.86 روپے فی لیٹر پر ہی فروخت ہو رہا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر رات 12 بجے سے ہوا تھا۔