کرپشن الزامات، پی سی بی نے اہم شخصیت کو معطل کر دیا

کرپشن الزامات، پی سی بی نے اہم شخصیت کو معطل کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 4.7.1 کے تحت ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے ذیشان ملک کو عاضی طور پر معطل کر دیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک وہ کسی بھی طرح کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ 
پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 4.7.1 کے تحت یہ کرکٹ بورڈ کا صوابدیدی اختیار ہے کہ کھیل کو نقصان پہنچائے جانے سے متعلق حالات غیر معمولی ہونے پر کسی شخص پر جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔ 
پی سی بی کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بورڈ کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے تک ذیشان ملک کسی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے جبکہ اس فیصلے کی کاپی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور نیشنل فیڈریشن کو بھی بھیجی جاتی ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اس لئے فی الحال ذیشان ملک کو معطل کئے جانے کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔