صوبہ پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

 صوبہ پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا
کیپشن: صوبہ پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: صوبہ پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد بورڈز کے 98 فیصد سے زائد طلبا پاس ہو گئے۔

لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 98.71 فیصد رہا اور چیئرمین لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ طلبا 80029 پر ایس ایم ایس کر کے اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں جبکہ وہ طلبا جو فیل ہوئے ہیں ان کا خصوصی امتحان لیا جائے گا۔

ملتان بورڈ میں 48 ایسے طلبا ہیں جنہوں نے 100 فیصد نمبر حاصل کیے اس کے علاوہ 7265 طلبا ایسے ہیں جنہوں نے ملتان بورڈ میں ایک ہزار سے زائد نمبرز حاصل کیے۔ ملتان بورڈ میں کامیابی کا تناسب 98.64 فیصد رہا صرف 2461 طلبا فیل ہوئے ہیں جنہوں نے امتحان میں شرکت نہیں کی تھی۔ دوسرے الفاظ میں یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ملتان بورڈ میں امتحان دینے والے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 100 فیصد رہا۔

اس کے علاوہ گوجرانوالہ بورڈ میں کامیابی کا تناسب 98.81 فیصد رہا اور یہاں ایک لاکھ 50 ہزار 353 میں سے ایک لاکھ 48 ہزار 560 طلبہ پاس ہوئے۔ فیصل آباد بورڈ میں ایک لاکھ 11 ہزار 547 میں سے ایک لاکھ نو ہزار 970 طلبہ پاس ہوئے اور یہاں کامیابی کا تناسب 98.59 فیصد رہا۔ فیصل آباد بورڈ کے طلبا 800240 پر ایس ایم ایس کر کے اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ تعلیمی بورڈز نے رواں سال امتحان میں پوزیشن ہولڈر طلبا کا اعلان نہیں کیا کیونکہ اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے امتحان صرف اختیاری مضامین کا ہی لیا گیا تھا۔