بھارتی فوج کی خاتون لیفٹیننٹ کرنل نے خودکشی کرلی

بھارتی فوج کی خاتون لیفٹیننٹ کرنل نے خودکشی کرلی
کیپشن: بھارتی فوج کی خاتون آفیسر نے خود کشی کر لی
سورس: فائل فوٹو

پونا : بھارتی فوج کی پولیس میں تعینات خاتون آفیسر نے گلے میں پھندہ ڈال کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔ خاتون آفیسر لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر فائز تھیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی خاتون آفیسر لیفٹیننٹ کرنل کی خودکشی کا واقعہ پونا کے ملٹری انٹیلی جنس ٹریننگ سکول میں پیش آیا ۔  پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والی 43 سالہ خاتون فوجی آفیسر بھارتی ریاست مہاراشٹر میں واقع ملٹری انٹیلی جنس ٹریننگ اسکول میں

ٹریننگ پر تھیں ۔

 ڈپٹی کمشنر نمریتا پٹیل کے مطابق خاتون فوجی آفیسر کی خودکشی کا اس وقت پتہ چلا جب ملازم  حسب معمول صبح کے وقت چائے لے کر ان کے کمرے میں گیا ۔  ملازم کی طرف سے کئی مرتبہ دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود جب نہ کھلا تو سیکورٹی گارڈز نے دروازہ توڑدیا  ۔

پولیس کے مطابق فوجی آفیسر نے گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کی ہے تاہم تھانے میں حادثاتی موت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

 ملٹری انٹیلی جنس ٹریننگ اسکول کے ترجمان نے خاتون فوجی آفیسر کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں چھان بین کی جائے گی اور خودکشی کے محرکات جاننے کی کوشش کی جائے گی ۔ ترجمان کے مطابق خاتون کے گھر والوں کو بھی اس معاملے میں شامل تفتیش کیا جائے گا ۔

خیال رہے کہ بھارت میں شدید ذہنی و جسمانی تھکان، دباؤ اور مظلومین کے ساتھ ناروا سلوک کے باعث اکثر و بیشتر بھارتی فوجی خود کشی کے ذریعے موت کو گلے لگاتے ہیں لیکن لیفٹیننٹ کرنل لیول کی خاتون انٹیلی جنس آفیسر کی خود کشی کے حوالے سے واقعات کم ہی منظر عام پر آتے ہیں۔