روہنگیا مسلمانوں پر تشد د کا سلسلہ بند کیا جائے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

روہنگیا مسلمانوں پر تشد د کا سلسلہ بند کیا جائے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک:روہنگیا مسلمانوں پر تشدد بند کیا جائے بڑی شخصیت کا مطالبہ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے میانمار حکومت کو کہا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی کارروائیاں معطل کرے اور ان پر ہونے والے تشدد کو بھی بند کر دیا جائے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ میانمار میں انسانی صورت حال تباہ کن ہے، دنیا بھر کے ممالک وہاں کے متاثرین کے لیے امداد فراہم کریں۔

انھوں نے کہا کہ میانمار کی حکومت روہنگیا مسلمانوں کو شہریت دے یا کم از کم ایسی حیثیت دے کہ وہ اپنی زندگی اچھے طریقے سے گزار سکیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ 3 لاکھ 80 ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں پناہ لے چکے ہیں، دنیا بھر کے ممالک ان کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔

ابتدائی طور پر اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ میانمار کی ایک ریاست میں فوجی بیس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد شروع ہونے والی کارروائی کے نتیجے میں 38 ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کرچکے ہیں۔میانمار کی فوج کا کہنا ہے کہ وہ 'دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں' کے خلاف کارروائی کررہی ہے کیونکہ عوام کا تحفظ ان کا فرض ہے۔

دوسری جانب روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کرنے پر مجبور ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انھیں بے دخل کرنے کے لیے قتل وغارت کی مہم شروع کی گئی ہے۔میانمارکی فوج کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق جھڑپوں اور کارروائیوں کے دوران 370 روہنگیا عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ 13 سیکیورٹی فورسز، دو سرکاری اہلکار اور 14 عام افراد بھی مارے گئے ہیں۔