'پاکستان بین الاقوامی برادری کیساتھ کشمیر کے معاملے پر آواز بلند کرتا رہے گا'

'پاکستان بین الاقوامی برادری کیساتھ کشمیر کے معاملے پر آواز بلند کرتا رہے گا'

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان نے کشمیر میں ہونے والے مظالم کا معاملہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ اٹھایا ہے اور اس معاملے کو اٹھایا جاتا رہے گا۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دلیری سے بھارتی بربریت و مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ بھارت میں انتہا پسند اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کروا رہے ہیں جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک 12 صفحات پر مشتمل رپورٹ بھی پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بہت سے صحافیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ چین، ایران اور ترکی کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے تسلیم کیا کہ الزام تراشی سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

ترجمان نے کہا کہ ان دوروں میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات ہوئی تمام ممالک کیساتھ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی مذمت بھی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں۔ پاکستان کی افغانستان سے متعلق کوششوں کو سراہا گیا اور  پاکستان کی قربانیوں کو تینوں ممالک نے تسلیم کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دورے میں پاکستان کے موقف کو پذیرائی ملی۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں