نواز شریف اور مریم نے بیگم کلثوم کا دیدار کیا

نواز شریف اور مریم نے بیگم کلثوم کا دیدار کیا
کیپشن: بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سوشل میڈیا

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے لاہور پہنچا دی گئی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز نے شریف میڈیکل سٹی میں بیگم کلثوم نواز کی میت وصول کی اور ان کا دیدار کیا۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔

ملکی تاریخ میں تین بارخاتون اوّل رہنے والی بیگم کلثوم نواز ایک سال سے زائد علالت کا شکار رہنے کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کی فیملیز کے ہمراہ میت لے کر پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے۔

بیگم کلثوم نواز کی میت اور شریف فیملی کے افراد کو سخت سیکیورٹی کے حصار میں جاتی امراء پہنچایا گیا۔ میت ایئر پورٹ سے سیدھے شریف میڈیکل سٹی پہنچائی گئی جہاں نواز شریف نے اپنی اہلیہ اور مریم نواز نے اپنی والدہ کا دیدار کیا۔

شریف فیملی کے افراد کچھ دیر شریف میڈیکل سٹی میں قیام کے بعد جاتی امراء واپس پہنچ گئے۔