میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری سکولوں میں داخل ہوں گے:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری سکولوں میں داخل ہوں گے:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
کیپشن: فائل فوٹو

پشاور:وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نے نئے پاکستان میں مثال قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں بچوں کے سکولوں میں داخلے کےلئے مہم شروع کردی ہے اور کہا کہ میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری سکولوں میں داخل ہوں گے۔


تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم کے دوران 8 لاکھ بچوں کے سکولز میں داخلے کا ہدف رکھا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ کے مشیر ضیا بنگش کا کہنا ہے کہ تعلیم سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے وڑن پر کام جاری رکھیں گے۔ تعلیم کے شعبے میں پچھلے دور میں پختونخواہ دیگر صوبوں سے آگے رہا۔


انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل حل کرنے کےلئے بھی کام کریں گے۔ کوشش ہے مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ بچوں کے داخلے ہوں۔اس حوالے سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ 5 سال کی محنت ہے کہ عوام نے دوبارہ منتخب کیا، اب ذمے داری زیادہ ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کریں گے، گورنر ہاﺅس کھولنے سے متعلق گورنر ہی بتاسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کمیشن ملازمین کو کسی اور محکمے میں ایڈجسٹ کریں گے۔ میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری سکولوں میں داخل ہوں گے۔