احتساب کے بغیر ملک نہیں بچ سکتا، وزیراعظم

احتساب کے بغیر ملک نہیں بچ سکتا، وزیراعظم
کیپشن: کرپشن نے ملک کو تباہ کر دیا ہے اور ہمارے پاس ملک چلانے کیلئے پیسہ ہی نہیں ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کو اتنے چیلنجز کبھی نہیں تھے جتنے آج ہیں ان سب کو ملکر حل کرنا ہے اور احتساب کے بغیر ملک نہیں بچ سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات کیلئے پوری قوم کو خود کو بدلنا ہو گا، حکمران، بیورو کریٹس اپنے آپ کو بدلیں۔ کرپشن نے ملک کو تباہ کر دیا ہے اور ہمارے پاس ملک چلانے کیلئے پیسہ ہی نہیں ہے۔ آج خود کو تبدیل نہ کیا تو آگے تباہی آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے سول سرونٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم تو آتے جاتے رہتے ہیں مگر سول سرونٹس مستقل حکومت ہیں اور 10سال میں قرض 6 ہزار سے بڑھ کر 30 ہزار ارب پر پہنچ گیا اور قرضوں پر روزانہ 6 ارب روپے سود دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں آلودہ پانی سے بچوں کی ہلاکت کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور ملک میں 40 فیصد بچے پوری نشوونما نہیں کر پاتے جبکہ ملک میں تعلیم کا سسٹم بگڑا ہوا ہے اور اس وقت ڈھائی کروڑ بچے سکولوں میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا ہمیں انگریز کے دور کی سوچ کو تبدیل کرنا ہے اور ایک، ایک پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہئے کیونکہ ترقی کے لئے سوچ بدلنا ہو گی ۔ کرپشن کرنے والے لوگ پہلے اداروں کو تباہ کرتے ہیں جبکہ غلطیاں ہوتی ہیں اور سب سے زیادہ مجھ سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن غلطیوں کا دفاع کرنا غلط ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا سول سرونٹس کی جو بھی سیاسی وابستگی ہو آپ ملک کیلئے پرفارم کریں۔ ہماری بیوروکریسی کوالٹی کی بیوروکریسی تھی اور 60 کی دہائی میں ہماری بیوروکریسی ایشیا میں سب سے آگے تھی۔