نئے کپتان کو ورلڈ کپ کی تیاری کےلئے وقت درکار تھا اسلئے کپتانی چھوڑی،دھونی

نئے کپتان کو ورلڈ کپ کی تیاری کےلئے وقت درکار تھا اسلئے کپتانی چھوڑی،دھونی
کیپشن: Image by The Economic Times

ممبئی:بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ نئے کپتان کو ورلڈ کپ 2019 کی تیاری کےلئے وقت درکار تھا اس لئے انہوں نے کپتانی چھوڑی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھارکھنڈ کے شہر رانچی میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صحیح وقت پر کپتانی چھوڑی، وہ چاہتے تھے کہ ویرات کوہلی کو کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی تیاری کے لئے کافی وقت مل جائے۔

ایم ایس دھونی کا کہنا تھا کہ نئے کپتان کو مناسب وقت دیئے بغیر مضبوط ٹیم منتخب کرنا ناممکن ہے، میرا خیال ہے کہ مناسب وقت پر کپتانی سے علیحدگی اختیار کی۔انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں بھارتی ٹیم کی شکست پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سیریز کے آغاز سے قبل پریکٹس میچز نہ ہونے سے بیٹسمینوں کو ایڈجسٹ ہونے میں مشکلات درپش آئیں لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ہم اس وقت دنیا کی نمبر ون ٹیم ہیں۔

واضح رہے کہ دھونی کی قیادت میں 2007 میں آئی سی سی ٹی 20 کا افتتاحی ایڈیشن جیتا، انہوں نے 2011 میں ورلڈ کپ جیتے والے ٹیم کی بھی قیادت کی جبکہ بھارت نے 2013 میں چیمپئنز ٹرافی بھی دھونی کی کپتانی ہی میں جیتی تھی۔ایم ایس دھونی نے نومبر 2014 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور بعدازاں 2017 میں تمام فارمیٹ میں کپتانی بھی چھوڑ دی تھی۔