وفاقی دارالحکومت کی تمام تر تجاوزات کو 24گھنٹوں کے اندر ازخود ختم کرنے کیلئے نوٹسز جاری

وفاقی دارالحکومت کی تمام تر تجاوزات کو 24گھنٹوں کے اندر ازخود ختم کرنے کیلئے نوٹسز جاری
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد: میٹروپولیٹن کارپوریشن(ایم سی آئی)کے شعبہ ڈی ایم اے نے وفاقی دارالحکومت کی تمام تر تجارتی مراکز، دکانوں اور فلاورز مارکیٹوں, برآمدوں، گزر گاہوں، گرین بیلٹس، فٹ پاتھ  اور سڑکوں پر قائم تمام تر تجاوزات کو 24گھنٹوں کے اندر ازخود ختم کرنے کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے۔دریں اثناء سیکٹر آئی ایٹ ،آئی نائن اورآئی ٹین میں قائم کھوکھوں، ٹی ٹک شاپس کی جانب سے سرکاری زمین پرقبضہ کرکے قائم کی گئی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران تجاوزات کو مسمار کرتے ہوئے 4ٹرک سامامان بھی ضبط کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹر ز سمیت شہر بھر کی 50یونین کونسلوں کے تجارتی، کمرشل مراکز ،دوکانوں سمیت گزرگاہوں و شاہراہوں کے اطراف بنے کھوکھے، ٹی وٹک شاپس کی جانب سے غیرقانونی طور پر ’‘اوپن سپیس ‘‘ پر قبضہ کرکے کھوکھے کی آڑ میں تجارتی وکاروباری مقاصد کے لئے استعمال کیاجارہا ہے تاہم اب میڑوپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) کا شعبہ ڈی ایم اے نے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغا ز کردیا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز شعبہ ڈی ایم اے نے پہلے مرحلہ پر آئی سیریز میں کھوکھوں کی جانب سے کئے گئے سرکاری زمین پر قبضے کے خلاف آپریشن کے دوران کئی کنال سرکاری زمین واگزار کروالی جبکہ دوران آپریشن کرسیاں، ٹیبل، چارپائیاں،کاؤنٹرز ،فرئزرزسمیت دیگر سامان پر مشتمل چار ٹرک سامان ضبط کرلیاگیا ہے۔

دوسری جانب شعبہ ڈی ایم اے نے شہربھر میں قائم غیر قانونی کھوکھوں، ٹک وٹی شاپس کو بھی 2دن کے اندر اندر از خود ختم کرنے کیلئے باقاعدہ نوٹسزجاری کردئیے ہیں۔ دریں اثناء سیکٹر جی سیریز،ایف سیریز،آئی سیریز،ای سیریز سمیت شہر بھر کی تمام یونین کونسلوں کے تجارتی مراکز اوردوکانوں کے مالکان کو چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر دوکانوں سے ملحقہ برآمدوں،راہداریوں،فٹ پاتھ،گرین بیلٹس،سڑک سمیت اطراف میں کی گئی غیر قانونی تجاوزات و تعمیرات کو از خود ختم کرنے کیلئے بھی نوٹسسز جاری کردئے ہیں۔

جاری کردہ نوٹسسز میں پہلے بھی جاری کردہ نوٹسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سٹالز و دوکانوں ،ٹک ،ٹی شاپس اور کھوکھوں کے باہر موجود تجاوزات کو پہلے بھی ختم کرنے کیلئے متعدد نوٹسسز جاری کئے جاچکے ہیں تاہم جلد از جلد مذکورہ غیرقانونی قبضوں کو ختم کیاجائے بصورت دیگر ادارے کی جانب سے کئے جانے والے آپریشن کے دوران ہونے والے نقصان کے ذمہ دار آپ خود ہونگے۔

واضح رہے کہ ڈی ایم اے کی جانب سے مذکورہ غیر قانونی اقدامات اور سرکاری زمین پر قبضوں اوراوپن سپیسز کے غلط استعمال کے خلاف آپریشن پیر کو متوقع ہے۔