کراچی، مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے باعث خاتون جاں بحق

کراچی، مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے باعث خاتون جاں بحق
کیپشن: بخار کی حالت میں اہلیہ کو پے در پے ڈرپ لگائی جاتی رہیں، شوہر۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رات گئے نجی میڈیکل سینٹر میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے باعث خاتون جاں بحق ہوگئیں۔پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں واقع میڈیکل سینٹر میں علاج کے دوران غلط انجکشن لگنے سے 40 سالہ پروین جاں بحق ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش کو پہلے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم لیڈی ایم ایل او نہ ہونے کے باعث رات گئے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں بھی پوسٹ مارٹم نہ ہو سکا۔

جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاں بحق خاتون کے شوہر کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کو دو روز سے بخار تھا۔ قریبی کلینک لے کر گیا جہاں سے ڈاکٹر نے میڈیکل سینٹر لے جانے کا مشورہ دیا۔

شوہر نے بتایا کہ بخار کی حالت میں اہلیہ کو پے در پے ڈرپ لگائی جاتی رہیں۔ اہلیہ کا غلط علاج کیا گیا جس کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم صبح 10 بجے کیا جائے گا۔

جاں بحق خاتون کے شوہر نے شکوہ کیا کہ جناح اسپتال میں لیڈی ایم ایل موجود نہیں اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے پولیس تعاون نہیں کر رہی۔