اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاک بھارت کشیدگی بڑھی تو خطرناک نتائج نکلیں گے لہٰذا اس سے بچنے کے لیے عالمی برداری کردار ادا کرے۔
روسی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی عقلمند شخص ایٹمی جنگ کی بات نہیں کرسکتا، کشمیر کی تباہ کن صورتحال کے جنوب ایشیا سے بہت دور تک اثرات ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیوبا بحران کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ملک آمنے سامنے ہوں۔ پاک بھارت کشیدگی بڑھی تو ناقابل تصور نتائج نکلیں گے اس سے بچنے کے لیے عالمی برداری کردار ادا کرے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت شدت پسندوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے اور اقوام متحدہ اسی طرح کے بحرانوں کے حل کے لیے بنائی گئی تھی۔ صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا یہ عمل کرنے کا وقت ہے۔