ن لیگ کا چیف جسٹس سے رانا ثنااللہ کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ

ن لیگ کا چیف جسٹس سے رانا ثنااللہ کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ
کیپشن: رانا ثنااللہ کی گرفتاری انصاف کے نظام اور حصول پر طمانچہ ہے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے چیف جسٹس پاکستان سے رانا ثنااللہ کے کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ رانا ثنااللہ کو بھونڈے انداز سے گرفتار کر کے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے۔ ان کی گرفتاری انصاف کے نظام اور حصول پر طمانچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ کو گرفتار منشیات میں کیا گیا اور چھان بین اثاثوں کی ہو رہی ہے۔ نالائق حکومت ان کے خلاف کیس جج اور وکیل کے بغیر  چلا رہی ہے۔

لیگی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ‎حکومتی پراسیکیوٹر نے عدالت میں تسلیم کیا کہ اُن کے پاس کوئی ویڈیو موجود نہیں۔ ‎دو ماہ 13 دن گزر گئے اور رانا ثنااللہ سے برآمدگی کی ویڈیو   آج تک پیش نہیں کی جا سکی جب کہ ان کی ان جائیدادوں کی چھان بین کی جا رہی ہے جو انہیں والد نے ورثہ میں دیں۔

خیال رہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثنااللہ کو 2 جولائی کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثنا  کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد  کی گئی۔