بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسد عمر

بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسد عمر


کوئٹہ : وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔بلوچستان کے ہر علاقے بالخصوص صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، ڈپٹی سپیکر قو می اسمبلی قاسم سوری، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر صوبائی سیکرٹریز و دیگر کام بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالرحمن بزدار نے شرکاءکو تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے اس موقع پر بتایا کہ وفاقی بجٹ میں صوبے کی ترقی و خوشحالی کےلئے 70 سے 80 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جا تے ہیں تاہم ان فنڈز میں سے صرف نصف حصہ بلوچستان حکومت کو فراہم کیا جاتا ہے جس سے صوبے میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبے متاثر ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے فنڈز سے متعلق ایک موثر میکنزم تیار کیا ہے وفاق کی جانب سے اب جتنے فنڈز ترقیاتی منصوبوں کےلئے مختص کیے جائینگے اتنے ہی استعمال میں لائے جائینگے۔

انہوں نے کچھی کینال کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی تکمیل کےلئے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کینال کو مکمل کرنے کےلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں ایک بڑا تفریحی پبلک پارک بنائے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جس کیلئے زمین صوبائی حکومت فراہم کریگی جبکہ فنڈز وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔