زیادتی کیس،خاتون سے متعلق بیان پر سی سی پی او لاہور نے معافی مانگ لی

زیادتی کیس،خاتون سے متعلق بیان پر سی سی پی او لاہور نے معافی مانگ لی

 
لاہور:سی سی پی او لاہورعمر شیخ نے موٹر وے پر زیادتی کیس میں متاثرہ خاتون کے متعلق بیان پر معافی مانگ لی ہے۔

عمر شیخ نے کہا کہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی چاہتا ہوں۔ اپنی بہنوں بھائیوں اور سوسائٹی سے معافی مانگتا ہوں۔

یاد رہے کہ  موٹر وے پر خاتون کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے واقعے کے بعد عمر شیخ نے  کہا کہ یہ خاتون رات 12 بجے لاہور ڈیفنس سے گوجرانوالہ جانے کے لیے نکلی ہیں، حیران ہوں کہ تین بچوں کی ماں ہے، اکیلی ڈرائیور ہونے کے باجود وہ جی ٹی روڈ کیوں گوجرانوالہ نہیں گئیں؟  اکیلی خاتون کو آدھی رات میں موٹروے سے جانے کی ضرورت کیا تھی ، وہ جی ٹی روڈ سے کیوں نہ گئيں جہاں آبادی تھی؟عمر شیخ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ خواتین رات کو اکیلی باہر نہ نکلیں۔

عمرشیخ کے اس بیان پر عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید رد عمل سامنے اور انہیں ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔  سی سی پی او کے بیان پر عوام، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے نمائندوں نے شدید رد عمل دیا اور سوشل میڈیا پر سی سی پی کو ہٹاؤ Remove CCPO ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے موٹروے پر اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون کے متعلق متنازعہ بیان پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

عثمان بزدار نے 7 دن کے اندر سی سی پی او لاہور سے متنازعہ بیان پر جواب مانگا تھا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بھی متنازعہ بیان پر سی سی پی او لاہور کو طلب کیا تھا۔