سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لئے رقم جاری کردی

سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لئے رقم جاری کردی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد:سندھ حکومت نے اداکار عمر شریف کے علاج کے لئے رقم جاری کردی ہے۔ سندھ حکومت کی طرف سے عمر شریف کے علاج کے لئے چار کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں ۔ 

دوسری طرف وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اداکار عمر شریف کو بہت جلد ویزا جاری ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم آفس نے عمر شریف کے خاندان کے تعاون سے ویزے کے تمام کوائف متعلقہ سفارت خانے بھجوا دیئے ہیں ، وزیراعظم آفس اداکار عمر شریف کے خاندان کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ 
قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اداکار عمر شریف کیلئے فوری طور پر ائیر ایمبولینس کا بندوبست کر دیا گیا ہے اور وفاقی حکومت عمر شریف کے امریکی ویزے کے حصول کیلئے ان کی مدد کر رہی ہے۔
دوسری جانب عمر شریف کی اہلیہ زرین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے ایئر ایمبولینس کے انتظام کر دیا ہے، ان کے شوہر کو اس کے ذریعے واشنگٹن لے جایا جائے گا۔ 
عمر شریف کے صاحبزادے جواد نے کہا ہے کہ وہ پوری قوم کے شکر گزار ہیں جو ان کے والد کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن بھی میرے والد عمر شریف کی صحت بارے بہت فکرمند ہیں، میں علاج معالجے میں مدد پر ان کا بہت شکر گزار ہوں۔
خیال رہے اداکار عمر شریف کا شمار برصغیر کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ناصرف اپنی کامیڈی سے پاکستان بلکہ بھارت کے کئی ممتاز اداکاروں کو متاثر کیا۔ ان کے نقش قدم پر چل کر اور انہیں کاپی کرکے کئی لوگ بہترین کامیڈین بنے۔ جس کا وہ برملا اعتراف کرتے ہیں۔