کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں تحریک انصاف کو لاہور میں شکست، وزیراعظم شدید برہم  

PTI defeated in cantonment board elections in Lahore, PM angry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں تحریک انصاف کو صوبہ پنجاب کے تین بڑے ڈویژن میں شکست پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اہم ملاقات کی اور انھیں صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں حکمران جماعت کے امیدواروں کی شکست پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں بتایا جائے کہ اتنے برے انتخابی نتائج کے پیچھے وجوہات کیا تھیں، اس معاملے کی انھیں فوری طور پر رپورٹ دی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم اور ٹکٹوں کی تقسیم بارے بھی جلد آگاہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن کے تمام 212 وارڈز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ حکمران جماعت تحریک انصاف 60 نشستوں کیساتھ سرفہرست ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 59 جبکہ 55 آزاد امیدواروں نے میدان مارا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی نے 17، متحدہ قومی موومنٹ 10، جماعت اسلامی نے 7، بلوچستان عوامی پارٹی نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تاہم جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو کوئی سیٹ نہ مل سکی۔

لاہور کے 19 کنٹونمنٹ بورڈز میں سے 15 وارڈز پر مسلم لیگ (ن) کامیاب قرار پائی، راولپنڈی میں بھی ن لیگ نے میدان مارا۔ ملتان میں 10 میں سے 9 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے لیکن تحریک انصاف کو کوئی سیٹ نہ مل سکی۔

گوجرانوالہ میں تحریک انصاف 10 میں سے 6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ کراچی میں پیپلز پارٹی، حیدر آباد میں متحدہ قومی موومنٹ جیتی، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے 18 نشستیں حاصل کیں جبکہ 7 سیٹوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔

لاہور کینٹ بورڈ اور والٹن کینٹ بورڈ کے 19 وارڈز میں 249 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق لاہور کینٹ بورڈ کے 10 میں سے 6 وارڈز پر (ن) لیگ جیتی۔ پی ٹی آئی صرف 3 وارڈز میں کامیابی حاصل کر سکی جبکہ ایک وارڈ میں آزاد امیدوار کو فتح ملی۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی 9 میں سے 7 نشستوں پر (ن) لیگ نے میدان مارا، دو سیٹوں پر آزاد امیدوار فاتح قرار پائے۔

ملتان میں حکمران جماعت پاکستان تحریک اںصاف کا کوئی بھی امیدوار کامیابی نہ حاصل کر سکا، مسلم لیگ (ن) کے ایک امیدوار کو کامیابی حاصل ہو سکی۔ ملتان کینٹ کی 10 وارڈز میں سے نو پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، یہاں 38 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، تاہم ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا۔