وزیراعظم کی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوری کرانے کی ہدایت

وزیراعظم کی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوری کرانے کی ہدایت
سورس: فائل فوٹو

 اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی امور سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بلدیاتی نمائندوں کے براہ راست انتخاب کو یقینی بنانے اور بلدیاتی انتخابات فوری کروانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی امور سے متعلق اجلاس اسلام اباد میں ہوا ۔ اجلاس میں  وفاقی وزراء اسد عمر، فواد چوہدری، شفقت محمود، مخدوم خسرو بختیار ، غلام سرور خان، چوہدری طارق بشیر چیمہ، مونس الہی، وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان اور متعلقہ سینئر حکام شریک ہوئے ۔

وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوۓ ۔ پنجاب حکومت نے وزیراعظم کو صوبے میں نئے لوکل گورنمنٹ ماڈل پر بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی حکومت جمہوریت کا بنیادی ڈھانچہ ہے۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔