کراچی ائیرپورٹ پر طیاروں کے پرزے غائب ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں: سول ایوی ایشن

کراچی ائیرپورٹ پر طیاروں کے پرزے غائب ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں: سول ایوی ایشن

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کے پرزے غائب ہونے کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر واقع نجی فلائنگ سکول کے ہینگر میں کھڑے طیاروں کے پرزے اور انجن غائب ہوگئے حالانکہ سول ایوی ایشن نے نجی فلائنگ سکول کے ہینگر کو سیل کر رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہینگر سیل ہونے کے باوجود طیاروں سے کروڑوں روپے مالیت کے انجن اور پرزے غائب ہوئے جبکہ دو طیاروں کی پنکھڑیاں بھی غائب ہیں تاہم سول ایوی ایشن حکام نے ہینگر میں کھڑے طیاروں کے پرزے غائب ہونے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کے کے‘ ایوی ایشن کو 2018ءمیں نادہندہ قرار دے کر سیل کیا گیا اور جہاز تحویل میں لئے گئے، ضبط شدہ جہازوں کے پنکھے چوری ہونے کی خبریں من گھڑت ہیں۔
ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ تصویر سے ظاہر ہے کہ 2018 میں بھی جہاز پر پنکھا نہیں تھا، گزشتہ شام جھوٹی خبر وائرل کی گئی جبکہ خبر کے پیچھے ذاتی مفاد اور مقاصد کارفرما ہیں۔ 
ترجمان نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوششیں کی گئی، ہم غلط رپورٹنگ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں