”می ٹو“ مہم میں ایک اور بڑے نام کا اضافہ،پریانکا چوپڑا بھی جنسی ہراسانی کا شکار نکلی

”می ٹو“ مہم میں ایک اور بڑے نام کا اضافہ،پریانکا چوپڑا بھی جنسی ہراسانی کا شکار نکلی
کیپشن: فوٹو پریانکا چوپڑا انسٹاگرام

نیویارک:”می ٹو“ مہم میں ایک اور بڑے نام کا اضافہ ہوگیا ہے اور بالی ووڈ کی دیسی گرل نے بھی اس مہم میں دبنگ انٹری دیکر سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنسی ہراساں کرنے کے خلاف دنیا بھر میں چلنے والی” می ٹو“ تحریک کے بعد متعدد معروف اداکاراﺅں نے آگے آکر اس حوالے سے پیش آنے والے مختلف واقعات بتائے۔اب اس میں ایک اور بڑے نام کا بھی اضافہ ہوگیا ہے جو پریانکا چوپڑا ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے ایک کانفرنس کے دوران اعتراف کیا کہ انہیں بھی اپنے کیرئیر کے دوران جنسی ہراساں کیے جانے کے تجربے کا سامنا ہوا۔نیویارک میں ہونے والے ایونٹ کے دوران می ٹو تحریک کے اثرات کے سوال پر 36 سالہ پریانکا چوپڑا نے کہاکہ خواتین کو جنسی ہراساں کرنا معمول بن چکا تھا، مگر اب ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، لوگوں کے پاس اب ہمیں چپ کرانے کی طاقت نہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی انہیں جنسی ہراساں کیا گیا تو ان کا کہنا تھااس کمرے میں موجود ہر ایک کو ممکنہ طور پر کبھی نہ کبھی اس طرح کے واقعے کا سامنا ہوا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں بھی جنسی ہراساں کیا گیا مگر اب خواتین اتنی بہادر ہوگئی ہیں کہ وہ آگے آکر اپنی مشکل کو بیان کرسکتی ہیں۔تاہم انہوں نے اس واقعے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

بالی و وڈ سے ہالی ووڈ میں قدم جمانے والی اداکارہ نے کہاہمارے پاس ہمیشہ سے آواز تھی، مگر کوئی سنتا نہیں تھا، مگر اب اگر میری کوئی کہانی ہو تو مجھے نہیں لگتا کہ اب ہم تنہا ہوں گی اور میں اسے بتانے پر شرمندہ بھی نہیں ہوں گی۔