کراچی میں طوفانی ہوائیں، حادثات میں 3 افراد جاں بحق

کراچی میں طوفانی ہوائیں، حادثات میں 3 افراد جاں بحق
کیپشن: تیز ہوا کے ساتھ ہلکی بارش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ فیس بُک

کراچی: کراچی میں طوفانی ہواؤں نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ تیز ہواؤں نے درخت اور بجلی کے پول اکھاڑ دیئے۔

کراچی میں آج بھی گرد آلود ہواؤں کا راج ہے اور شہر میں جگہ جگہ درخت گرے پڑے ہیں۔ تیز ہواؤں کے باعث دو تلوار چوک کے قریب بجلی کا پول سڑک پر گر گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور مزار قائد کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

کورنگی ڈھائی نمبر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ گلبہار حاجی مرید گوٹھ میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس سے 5 سالہ بچی کی زندگی کی بازی ہار گیا۔

کورنگی میں تیز ہواؤں کے باعث گاڑی چڑھائی پر الٹ گئی تاہم خاتون محفوظ رہی۔ ٹیپو سلطان سگنل کے قریب سکول کا شیڈ گرنے سے 5 بچے معمولی زخمی ہوئے۔ تیز ہواؤں سے کئی علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹ گئے جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہے۔

تیز ہوا کے ساتھ ہلکی بارش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ سڑکوں پر نکلنے والے موٹر سائیکل سوار پھسلتے رہے تو گھروں میں بیٹھے شہری گرمی میں بجلی سے محروم ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ایران سے بارش کا نیا سسٹم داخل ہوا ہے جس کے تحت مزید 2 روز بارشوں اور طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔