شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کے طلبی نوٹسز منسوخ

شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کے طلبی نوٹسز منسوخ
کیپشن: چیئرمین نیب نے گھر پر سوال نامہ بھجوانے کے احکامات جاری کر دیے۔۔۔۔۔فوٹو/ شہباز شریف آفیشل فیس بُک پیج

لاہور: قومی احتساب بیورو کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کے طلبی نوٹسز منسوخ کر دیے۔

چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے انہیں شریف فیملی کے کیسز کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

نیب لاہور کے مطابق چیئرمین نیب نے نصرت شہباز، رابعہ عمران اور جویریہ علی کو طلبی کے نوٹس منسوخ کرتے ہوئے گھر پر سوال نامہ بھجوانے کے احکامات جاری کر دیے جو آج ہی شریف فیملی کو بھجوائے جائیں گے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے شریف فیملی کے تمام کیسز کی براہ راست نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر چیرمین نیب نے کہا کہ نیب خواتین کے تقدس، حرمت، عزت اور چار دیواری پر مکمل یقین رکھتا ہے اور احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے گامزن ہے تاہم نیب کی کسی سیاسی پارٹی سے وابستگی نہیں۔

جاوید اقبال نے کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے اور دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قانون اور آئین پاکستان کو مد نظر رکھ کر اپنا کام کرتا ہے۔ نیب کی نظر میں تمام ملزمان برابر ہیں تاہم تمام میگا کرپشن کیسز کو میرٹ اور صرف میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد منتقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔