مراد علی شاہ کا سندھ میں مزید سخت لاک ڈاؤن کا اعلان

مراد علی شاہ کا سندھ میں مزید سخت لاک ڈاؤن کا اعلان
کیپشن: کورونا سے بچاؤ کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، مراد علی شاہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا تین چار بچوں کے ساتھ ڈبل سواری کی اجازت نہیں، آٹو موبائل انڈسٹری بھی نہیں کھول رہے اور تعمیراتی شعبے سمیت دیگر محکموں کو ایس او پیز کے مطابق کھولا جائے گا۔ بلڈرز کو پہلے انتظامیہ سے اجازت لینا ہو گی جبکہ بات نہ ماننے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تشویش ہے، اگر کہیں کہ وائرس دیگر ممالک سے کم ہے تو غلط ہوگا، کورونا سے بچاؤ کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ٹیسٹنگ کٹس اور حفاظتی سامان مل چکا ہے، تمام کام قوانین کے مطابق کریں گے، پاکستان میں وائرس دیگر ممالک کی طرح خطرناک ہے، وبا سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا وفاق کے ایس او پیز پر 4 صفحات کا جواب دے دیا، کچھ صوبوں کا خیال تھا ہیئر ڈریسر، پلمبر و دیگر دکانیں کھلنی چاہئیں، ہم نے کہا ابھی ان کو کھولنے کی ضرورت نہیں، لاک ڈاؤن میں ہیئر ڈریسر، درزی کے پاس جائے گا کون ؟ ڈومیسٹک فلائٹس سے متعلق کہا ابھی مزید 2 ہفتے گزارہ کر سکتے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ چاروں صوبوں میں نہیں چلے گی، سب صوبوں کا خیال تھا کہ لاک ڈاؤن بڑھایا جائے۔

وزیراعلی سندھ نے مزید کہا سب کا ایس او پیز پر اتفاق ہوا، وزیراعظم کو مبارکباد دیتا ہوں، وزیراعظم نے بتایا زراعت کے بعد سب سے اہم تعمیراتی صنعت ہے، صنعتیں ملازمین کیلئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کریں گی، بسوں پر انڈسٹری کا نام لکھا ہوگا، صرف 10 فیصد لوگ سوار ہونگے، بلڈنگ کی تعمیر کیلئے مزدور، سامان وغیرہ کی معلومات دینا ہوں گی، علمائے کرام سے افہام و تفہیم سے معاملات حل کریں گے۔