تمام صوبے اپنے فیصلے کرنے میں آزاد اور خودمختار ہیں، فردوس عاشق اعوان

تمام صوبے اپنے فیصلے کرنے میں آزاد اور خودمختار ہیں، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: سندھ حکومت اپنے صوبے کے حالات کے مطابق جو بہتر سمجھے وہ فیصلے لے، معاون خصوصی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تمام صوبے اپنے فیصلے کرنے میں آزاد اور خودمختار ہیں اور اٹھارویں ترمیم ان کے آئینی اختیارات کی ضامن ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سندھ حکومت اپنے صوبے کے حالات کے مطابق جو بہتر سمجھے وہ فیصلے لے، لاک ڈاؤن کو کتنا بڑھانا یا کم کرنا ہے، وفاق کی جانب سے کوئی پابندی نہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی حفاظت ہم سب کی اولین ترجیح ہے، وفاق صوبوں کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے تمام اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور تقویت دینے میں اپنا کردار اور ذمہ داری ادا کرتا رہے گا، عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہیں، تمام اکائیوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ان کا نصب العین ہے۔