آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ
کیپشن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ
سورس: file

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں فوجی فاؤ نڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو فوجی فاؤنڈیشن کے جاری اور آئندہ کے منصوبوں پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے معیاری خدمات کےلیے فوجی فائونڈیشن کے عزم اور کارکردگی کوسراہتے ہوئے فوجی فائونڈیشن کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔آرمی چیف نے 100 بستروں پرمشتمل اسپتال اورفائونڈیشن یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ اسکول آف نرسنگ کا افتتاح بھی کیا، مینجنگ ڈائریکٹر فوجی فائونڈیشن وقار احمد ملک نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

فوجی فاؤنڈیشن 1954ء سے مسلسل قومی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔جو ملک کی تعمیر و ترقی اور معاشی خوشحالی میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہا ہے۔صرف پچھلے سال کے دوران فوجی فاؤنڈیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ٹیکس، ڈیوٹی اور لیویز کی مد میں تقریباََ175بلین روپے ادا کیے جو پاکستان کے وفاقی بجٹ کا تقریباََ 2.45فیصد ہیں۔ 

گزشتہ دس سال میں فوجی فاؤنڈیشن نے ٹیکس اور ڈیوٹی کی مد میں ساڑھے تیرہ سو ارب روپے سے زائد رقم قومی خزانے میں جمع کرائی۔ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبودکیلئے قائم ہونے والے ادارے سے آج لاکھوں سویلین افراد بھی مستفید ہو رہے ہیں۔فوجی فاؤنڈیشن کے71فیصد ملازمین سویلین جبکہ صرف 29فیصد ریٹائرڈ فوجی ہیں۔فوجی فاؤنڈیشن کے موجودہ مینجنگ ڈائریکٹر وقار احمدملک خود ایک سویلین ہیں۔ ریٹائرڈ فوجی ملازمین میں اکثریت 40سے 45 سال کی عمر میں ریٹائرڈ ہونے والے جونئیر رینکس کی ہے۔

فوجی فاؤنڈیشن ان ملازمین کو ایک فعال اور کارآمد افرادی قوت بنا تا ہے تاکہ وہ ملکی معیشت پر بوجھ نہ بنیں۔اس وقت فوجی فاؤنڈیشن کے مختلف منصوبوں اور رفاعی کاموں سے 9ملین افراد مستفید ہو رہے ہیں جو کہ ملکی آبادی کا 4.5فیصد ہیں۔تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بالخصوص فوجی فاؤنڈیشن کی خدما ت بے مثال ہیں۔ گزشتہ 10سال میں فوجی فاؤنڈیشن نے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر79بلین روپے خرچ کئے۔

 45بلین روپے صحت جبکہ 34بلین روپے تعلیمی منصوبوں پر خرچ ہوئے۔ اس عرصہ میں 22ملین صحت، جبکہ 0.45ملین طلبہ تعلیم کی سہولیات سے براہ ِ راست مستفید ہوئے۔اس وقت ملک بھر میں فوجی فاؤنڈیشن کے133تعلیمی ادارے قائم ہیں۔جن میں کالج، سکول، ووکیشنل اورٹیکنیکل ٹریننگ سنٹرز شامل ہیں۔ 

فوجی فاؤنڈیشن، صحت ِعامہ کے74مراکز بھی چلا رہا ہے۔ جن میں کئی بڑے ہسپتال، کلینکس اور میڈیکل سنٹرز شامل ہیں۔فوجی فاؤنڈیشن ہیلتھ کئیر سسٹم سے مستفید ہونے والے80فیصد مریض غازیوں اور شہیدوں کے لواحقین ہیں۔ فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال راولپنڈی میں قائم مصنوعی اعضاء کے مرکز (Artificial Limb Centre)  نے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس کے علاوہ شہداء کے لواحقین کی فلاح وبہبود میں بھی فوجی فاؤنڈیشن اور اس جیسے دوسرے عسکری رفاعی اداروں کی خدمات بہت گرانقدر ہیں۔