مسلح جتھوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے:وزیراعظم عمران خان

مسلح جتھوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے:وزیراعظم عمران خان
کیپشن: مسلح جتھوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے:وزیراعظم عمران خان
سورس: file

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں تحریک لبیک پر پابندی کی توثیق کردی ۔کہتےہیں مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔

نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلہ پر اعتماد میں لیا گیا۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملکی امن و امان کی صورتحال  پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحریک لبیک کو کالعدم قرار دے کر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اورسیکورٹی اداروں پر انہیں اور پوری قوم کو فخر ہے ۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ۔انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی کی منظوری دی  گئی جس کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی۔

 تحریک لبیک کی طرف سے گزشتہ تین دن سے ملک بھرمیں دھرنے اور مظاہرے جاری ہیں۔اس دوران مظاہرین نے پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں پر تشدد بھی کیا۔ لاہور میں مظاہرین کے تشدد سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نےنیوز کانفرنس میں گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ تحریک لبیک پر پابندی لگانے جا رہے ہیں۔گروہوں کو حکومت کو بلیک میل کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔