وزیراعظم نے پاکستان میڈیکل کمیشن آن لائن نظام کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے پاکستان میڈیکل کمیشن آن لائن نظام کا افتتاح کر دیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے آن لائن نظام کا افتتاح کر دیا اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کے نظام صحت میں ایک بڑا انقلاب آئے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے آن لائن نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت میرٹ کے نظام پر قائم ہے،جدید نظام سے میڈیکل کالجزکی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ 

انہوں نے پی ایم سی آن لائن نظام قائم کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے بہت بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ حکومت آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر طرح سے تعاون کو تیار ہے کیونکہ آپ کی کامیابی کا مطلب پورے ملک میں نظام صحت کی کامیابی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مستقبل قریب میں صحت کے شعبے میں انقلاب آنے والا ہے لیکن لوگوں کو ابھی اس کا احساس نہیں ہے اور یہ انقلاب ہیلتھ کارڈ کی صورت میں آئے گا، کے پی میں تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دےدی گئی ہے جبکہ پنجاب میں سال کے اختتام تک تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈکی سہولت دیدی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر ابھی اتنا مضبوط نہیں لیکن اس کے باوجود عالمی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں حتیٰ کہ امیر ممالک بھی ایسی سہولیات نہیں دے رہے۔ ہیلتھ کارڈز کی وجہ سے پرائیویٹ ہسپتالوں کو ایسے دور دراز علاقوں میں بھی ہسپتال بنانے کیلئے حوصلہ افزائی کریں گے جہاں انہوں نے سوچا بھی نہیں ہو گا۔