نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے سے اور وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرنے سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یہ درخواست نعیم حیدر نے ایڈووکیٹ انتظار حسین پنجوتھہ اور ایڈووکیٹ علی اعجاز بٹ کے ذریعے دائر کی جس میں نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری کی استدعا کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ اشتہاری مجرم ہیں، حکومت کو انہیں سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے سے روکا جائے۔عدالت سے استدعا ہے کہ آج ہی سماعت کر کے نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری کا حکم دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے اور وطن واپسی پر انہیں گرفتا ر کرنے سے متعلق ا س درخواست پر سماعت پیر کے روز کریں گے۔ 
واضح رہے کہ چند روز قبل نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے ایک روز بعد ہی نوازشریف کو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم فی الحال ان کی واپسی کی تاریخ سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ 

مصنف کے بارے میں