شمالی کوریا نے امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کا منصوبہ بنا لیا

شمالی کوریا نے امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کا منصوبہ بنا لیا

پیانگ یانگ :عالمی تنہائی کا شکارشمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو بحرالکاہل میں امریکی جزیرے گوام پر میزائل داغنے کے منصوبے کے بارے میں بتایا گیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق یہ بھی کہا گیا کہ گوام پر حملہ کرنے کے فیصلے سے قبل کم جونگ ان امریکی اقدامات پر نظر رکھیں گے۔

یاد رہے کہ پچھلے ہفتے شمالی کوریانے کہا تھا کہ وہ اگست کے وسط تک بحرالکاہل میں امریکی جزیرے گوام کے قریب چار میزائلوں کو داغنے کے قابل ہو جائے گا۔واضح رہے کہ پیانگ یانگ اور واشنگٹن کے درمیان شمالی کوریا کے متنازع جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے حوالے سے الفاظ کی جنگ میں شدت دیکھنے میں آئی ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق ملک کے سربراہ کم جونگ ان نے 'میزائل داغنے کے منصوبے کا کافی دیر تک جائزہ لیا' اور سینیئر فوجی افسران سے اس بارے میں گفتگو کی۔ 

رپورٹ کے مطابق 'شمالی کوریائی فوج کے سربراہ گوام پر حملے کی تیاریاں مکمل ہونے کے بعد اس پر عمل درآمد کرنے کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔

اس سے قبل امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس نے خبردار کیا کہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا کوئی بھی حملہ جنگ میں بدل سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکی فوج 'کسی بھی وقت، کسی کی جانب سے کیے گئے حملے' سے نمٹنے اور ملک کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی صدر نے حال ہی میں دھمکی دی تھی کہ شمالی کوریا پر 'آگ اور قہر' کی بارش کر دی جائے گی۔