نجی شعبے کی شراکت سے سندھ میں معیار تعلیم بہتر ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

نجی شعبے کی شراکت سے سندھ میں معیار تعلیم بہتر ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل تعلیم میں ہے، نجی شعبے کی شراکت سے سندھ میں معیار تعلیم بہتر ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے اقراء یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی سعید غنی اور دیگر افسران بھی تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح تعلیم ہے،بجٹ کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ کیا جاتاہے۔ہم نے تعلیمی ایمرجنسی لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شعبہ تعلیم میں کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کرسکی لیکن ہم بہتری کے راستے پر گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل تعلیم میں ہے اگر ہم اعلی معیار کی تعلیم فراہم کردیں تو ملک کا مستقبل محفوظ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کا سب سے بڑا مسئلہ ایلمنٹری میں ہے،نجی شعبے کی شراکت سے سندھ میں معیار تعلیم بہتر ہوا ہے۔ ہم نے معیار تعلیم میں اضافے کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ متعارف کرائی۔ انہوں نے یونی ورسٹی کی انتظامیہ اور چیئرمین جنید لاکھانی کو اقرا یونیورسٹی کا ہارورڈ بزنس اسکول کے ساتھ معاہدہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقرا یونی ورسٹی کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اقرا یونی ورسٹی نے اپنے آغاز ہی سے معیاری تعلیم فراہم کی اوراقرا یونی ورسٹی کا سندھ میں تعلیم کے میدان میں اہم کردار ہے۔ اقرا یونیورسٹی نے گزشتہ کئی سالوں میں کارہائے نمایاں انجام دیے۔

آج بھی اقرا یونیورسٹی کے لیے تاریخی دن ہے۔ معیاری تعلیم کا فائدہ فرد،خاندان اور ملک کو ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہارورڈ بزنس اسکول سے اقرا یونیورسٹی کا معاہدہ نہایت اہم ہے۔اقرا یونیورسٹی اپنے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کے ساتھ ایچ بی ایکس ڈگری دے گا۔ ایچ بی ایکس سرٹفکیشن سے عالمی معیار کی ڈگری اقرا کے بہ کو ملے گی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے یونیورسٹی کی مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔

مصنف کے بارے میں