نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، سعد رفیق

نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، سعد رفیق

لاہور:  وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے, پروگرام کچھ دنوں میں جاری ہوگا, محمد نواز شریف کے اگلے دوروں کا جائزہ لیا جا رہا ہے, عمران خان سے تاریخی غلطی ہوگئی ہے جس کا احساس انہیں ہونا شروع ہوگیا ہے، وہ دن دور نہیں جب خان صاحب خود  ہمارے پاس آ  کربات کریں گے، خان صاحب، آج کل زیادہ پریشان ہیں، میدان اب بھی نواز شریف کے ہاتھ میں ہے، جی ٹی روڈ کے چار روزہ سفر کے بعد چیزیں بدلی ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے آج مشاورتی اجلاس میں عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، پروگرام کچھ دنوں میں جاری ہو گا۔ این اے 120سے بیگم کلثوم نواز مسلم لیگ ن کی امیدوار ہیں، اس الیکشن مہم کے حوالے سے لاہور کے تنظیمی ساتھیوں، اراکین اسمبلی اور عہدیداروں سے مشاورت کی گئی ہے اور انتخابی حکمت عملی کے ابتدائی خدوخال بھی طے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی پر بھی غور کیا گیا ہے اس حوالے سے بھی اگلے چند روز میں لائحہ عمل تشکیل پائے گا، اس حوالے سے بھی مختلف افراد کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، کچھ سب کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں کیونکہ ہماری جماعت کے خالی عہدوں کو پر کیا جائے گا، ونگز کو پہلے سے زیادہ فعال بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو پارٹی میں ضم کرنے کے لیے ایک حکمت عملی بنے گی کیونکہ اسلام آباد سے لاہور تک کے مارچ میں 90فیصد نوجوان تھے جن میں جذبہ تھا اور اس جذبے کو اپنی جماعت میں شامل کرنا ہے، اس پر بھی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔ بنیادی طور پر یہ مشاورتی اجلاس ہیں جن کا سلسلہ فی الحال جاری رہے گا اور چند دنوں تک حتمی پروگرام بنایا جائے گا۔ سیاسی پروگرام الگ اور جماعت کی تنظیم سازی کا پروگرام الگ ہو گا، جہاں تک لیگل معاملات کا تعلق ہے تو نظر ثانی اپیل دائر کر دی گئی ہے۔

ان کا کہا تھا کہ نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد چوہدری نثار وزیراعظم ہا ؤس پہنچنے والوں میں سب سے آگے تھے، وہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر لیڈر اور پارٹی کا اہم حصہ ہیں۔ جس پارٹی میں مسائل پر اختلاف نہیں ہوتا وہاں بادشاہت ہوتی ہے، چوہدری نثار نے خود   کہا ہے اگر کوئی آزمائش کاوقت آیا تو وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوں گے، چوہدری نثار ان رہنماؤں میں شامل ہیں جو پارٹی کی گائیڈ لائن بناتے ہیں۔ آصف زرداری سے لاکھ اختلاف سہی لیکن وہ آدمی سمجھ دار ہیں، ہمارے ساتھ جو ہونا تھا وہ ہوگیا ہمارے بعد آنے والوں کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

مصنف کے بارے میں