وقت آگیا ہے کہ سری لنکا پاکستان کی مدد کرے، نجم سیٹھی

وقت آگیا ہے کہ سری لنکا پاکستان کی مدد کرے، نجم سیٹھی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ ورلڈ الیون کا دور پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کی کامیابی کی بنیاد پر سری لنکن کرکٹ ٹیم بھی ایک یا دو ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے پاکستان آئے گی آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم آئندہ ایک دو روز میں پاکستان پہنچ رہی ہے جو ورلڈ الیون کے دور پاکستان کے حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں پنجاب کی پولیس کے ساتھ کام کرے گی یہ سکیورٹی ٹیم ورلڈ الیون کے دورے تک پاکستان میں ہی رہے گی .

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم آئندہ ایک دو روز میں پاکستان پہنچ رہی ہے جو ورلڈ الیون کے دور پاکستان کے حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں پنجاب کی پولیس کے ساتھ کام کرے گی۔ یہ سکیورٹی ٹیم ورلڈ الیون کے دورے تک پاکستان میں ہی رہے گی۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کو آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس میں وہ لاہور میں اپنے چار روزہ قیام کے دوران تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔انھوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک ورلڈ الیون کے دورے کی کامیابی بڑی اہمیت رکھتی ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی جائے اور سکیورٹی کی صورتحال ٹھیک کی جائے تاکہ آہستہ آہستہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے شروع ہوں۔انھوں نے کہا کہ پہلے قدم کے طور پر پاکستان سپر لیگ کا فائنل مشکل حالات کے باوجود کامیابی سے کرایا گیا۔ اس فائنل کے موقع پر آئی سی سی کے چھ یا سات سکیورٹی ماہرین لاہور آئے تھے اور انھوں نے خود سکیورٹی کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دی۔نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی کے ساتھ بات چیت کر کے ورلڈ الیون کو پاکستان لانا پاکستان کرکٹ بورڈ کا دوسرا اہم قدم ہے۔ ورلڈ الیون کے دورے سے قبل ایک انٹرنیشنل سکیورٹی کمپنی کی ٹیم پاکستان پہنچ رہی ہے جس میں متعدد ممالک کے ماہرین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فیکا (فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوی ایشن) کے نمائندے بھی پاکستان آرہے ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ فیکا کے نمائندوں کے پاکستان آنے اور سکیورٹی کلیئرنس رپورٹ دینے کے بعد سری لنکا کو سکیورٹی کے محض سرسری جائزے کی ضرورت رہے گی۔انھوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورے سے ایک پاورفل سگنل جائے گا اور اسی کی بنیاد پر سری لنکا نے پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کو یہ احساس دلایا گیا ہے کہ وہ بھی 30 سال تک دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور اس عرصے میں پاکستان نے ان کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا اور پاکستانی ٹیم سری لنکا جاتی رہی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ وہ بھی پاکستان کی مدد کریں۔ لہذا ان سے یہی طے پایا ہے کہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورے کے بعد سری لنکا کے ساتھ ایک یا دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچز لاہور میں ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں