سعودی عرب کا27 برس بعد عراق سے ملحقہ سرحد کھولنے کا فیصلہ

سعودی عرب کا27 برس بعد عراق سے ملحقہ سرحد کھولنے کا فیصلہ

ریاض: سعودی عرب نے 27 برس بعد عراق سے ملحقہ سرحد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جو 1990 میں عراق کی جانب سے کویت پر کیے جانے والے حملے کے بعد بند کردی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے گزشتہ روز عراق کے ساتھ مشترکہ ٹریڈ کمیشن کے قیام کے فیصلے کے بعد سعودی عرب اور عراق کو علیحدہ کرنے والی عرعر سرحد کو کھولنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس سلسلے میں سعودی اور عراقی حکام نے عرعر بارڈر کا دورہ کیا اور حج کے لیے جانے والے عراقی عازمین سے ملاقات کی۔
27 برسوں سے اس سرحد کو صرف عازمین حج ہی استعمال کرتے ہیں اور یہ صرف حج سیزن میں ہی کھولی جاتی ہے۔ تاہم اب دونوں ملکوں نے باہمی طور پر اس بات کا فیصلہ کرلیا ہے کہ عرعر کی سرحد کو تجارت سمیت ہر طرح کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 1990 میں عراق نے کویت پر حملہ کردیا تھا جس کے بعد سعودی عرب نے عراق سے تعلقات منقطع کرلیے تھے اور دونوں ملکوں کے درمیان عرعر سرحد کو بند کردیا گیا تھا۔