قومی اسمبلی کیلئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ، ووٹنگ کا عمل جاری

قومی اسمبلی کیلئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ، ووٹنگ کا عمل جاری
کیپشن: اسد قیصر اور اپوزیشن اتحاد کے سید خورشید شاہ میں مقابلہ ہو گا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس سردار ایاز صادق کی صدارت میں جاری ہے۔ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور خفیہ رائے شماری کے ذریعے پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہو گی اور ہر ووٹرکو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہو گا۔ امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اراکین اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف احتساب عدالت میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی پیشی کی وجہ سے ایوان میں نہیں آئے۔

اجلاس کے آغاز پر 5 منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا، جو کسی وجہ سے 13 اگست کو حلف نہیں اٹھا سکے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سید خورشید شاہ کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزد قاسم سوری اور متحدہ اپوزیشن کے سعد محمود کے درمیان بھی کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب ہو گا۔ موجودہ اسپیکر ایاز صادق نئے اسپیکرکے انتخاب تک اجلاس کی صدارت کریں گے اور اجلاس شروع ہونے کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی غلام عباس کھاکھی انتقال کر گئے


تحریک انصاف کو ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، بی این پی مینگل، جی ڈی اے، ق لیگ، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔

تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں 151 نشستیں ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی 7، بلوچستان عوامی پارٹی کی 5، بی این پی مینگل کی 4، جی ڈی اے کی 3، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک، ایک نشست ہے۔ 4 میں سے 2 آزاد ارکان نے بھی تحریک انصاف کو حمایت کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔ یوں تحریک انصاف کے مجموعی ووٹوں کی تعداد 177 بنتی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان کی پہلی ریموٹ سنسنگ سیٹلائٹ پی آرایس ایس1 نے کام شروع کردیا
 

دوسری جانب سید خورشید شاہ اور مولانا اسعد محمود کو مسلم لیگ ن کے 81، پیپلز پارٹی کے 53، ایم ایم اے کے 15 اور اے این پی کے ایک رکن کی حمایت حاصل ہے۔ اس طرح اپوزیشن اتحاد کے امیدواروں کو 150 کے قریب ووٹ مل سکتے ہیں۔ ووٹوں میں سے اکثریت حاصل کرنے والا رکن اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو جائے گا۔ اسپیکر ایاز صادق نومنتخب اسپیکر سے حلف لیں گے۔ نیا اسپیکر اپنی نشست سنبھالنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں