تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کو معاف کر دیا

تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کو معاف کر دیا
کیپشن: \'اگر کوئی میرے گھر پر آئے تو اسے میں خالی ہاتھ واپس نہیں کرتا\'، شہری۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: تحریک انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے انہیں معاف کر دیا۔

تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رات گئے اس شہری کے گھر پہنچے جسے انہوں نے دن دیہاڑے سڑک پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پی ٹی آئی نے ان کے اس اقدام پر نوٹس لیا۔

عمران علی شاہ نے شہری داود چوہان سے اپنے کیے کی معافی مانگی جس پر انہوں نے یہ کہہ پر معاف کر دیا کہ 'اگر کوئی میرے گھر پر آئے تو اسے میں خالی ہاتھ واپس نہیں کرتا'۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہو گا

داود چوہان کا کہنا ہے کہ عمران علی شاہ کے مقابلے میں، میں غریب شخص ہوں اور قانونی چارہ جوئی نہیں کر سکتا اس لیے معاملہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر چھوڑتا ہوں۔

تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے مزید کہا کہ انہیں اب تک معلوم نہیں کہ عمران علی شاہ نے انہیں کیوں تشدد کا نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ کو کراچی کے علاقے اسٹیڈیم روڈ پر شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کو ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا

ویڈیو وائرل ہونے اور پی ٹی آئی کی جانب سے شوکاز نوٹس لیے جانے کے بعد عمران علی شاہ کا ایک ویڈیو پیغام بھی منظرعام پر آیا جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے شہری کو اس لیے مارا پیٹا کیوں کہ اس نے ایک غریب موٹرسائیکل سوار کو بار بار اپنی گاڑی سے ہٹ کیا تھا۔

 

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں