تحریک انصاف کے اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب

تحریک انصاف کے اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب
کیپشن: اسد قیصر نے 176 اور خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے جبکہ 8 ووٹ مسترد ہوئے۔۔۔ فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔ سبکدوش ہونے والے اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جہاں خفیہ رائے شماری کے ذریعے پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر جبکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سید خورشید شاہ کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

اسد قیصر نے 176 اور خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے جبکہ 8 ووٹ مسترد ہوئے۔ موجودہ اسپیکر ایاز صادق نئے اسپیکر کے انتخاب تک اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے بعد نومنتخب اسپیکر، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کروائیں گے۔

پولنگ کے نتائج کا اعلان کرنے کے بعد سردار ایاز صادق نے اسد قیصر سے اسپیکر قومی اسمبلی کا حلف لیا۔

اپوزیشن کا احتجاج

اسد قیصر کے حلف اٹھانے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصاویر والے پوسٹرز اٹھا کر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے۔ لیگی اراکین نے اس موقع پر 'ووٹ کو عزت دو' کے نعرے بھی لگائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم سوری اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے سعد محمود کو نامزد کیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اراکین اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔

اجلاس کے آغاز پر 5 منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا جو کسی وجہ سے 13 اگست کو حلف نہیں اٹھا سکے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں