سلامتی کونسل: 50 سال بعد کشمیر پر بات کا امکان

سلامتی کونسل: 50 سال بعد کشمیر پر بات کا امکان
کیپشن: image by twitter

حکومتِ پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعے کو نیویارک میں متوقع ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ,  سلامتی کونسل پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب معاملے پر مبنی ایجنڈے کے تحت جموں وکشمیر کی صورتحال پرغور کرے گی۔

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔

اس سے قبل بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر جوانا ورونیکا نے کہا تھا کہ ممکن ہے کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں بند دروازے کے پیچھے 16 اگست کو زیر بحث لایا جائے۔

اس بارے میں پاکستان کے سرکاری نیوز چینل پی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس اجلاس کو پاکستان کے لیے ’ایک بڑی فتح‘ قرار دیا۔